وعدے کے مطابق خفیہ فنڈ پرایک پیسہ بھی نہیں لگایا،وزیراعظم
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ صحافی تنقید ضرور کریں مگر اچھا کام سامنے بھی لائیں، ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ صحافت پر کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالا جائے، وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ وعدے کے مطابق پانچ سالوں میں خفیہ فنڈز پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا۔
اسلام آباد میں آل پاکستان نیوز پیپر ایسویس ایشن (اے پی این ایس) ایوارڈز کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلے دن سے آزادی صحافت کا فیصلہ کیا، ایوارڈز صحافی برادری کی کامیابیوں کو سامنے لاتے ہیں، پانچ سال میں سکریٹ فنڈز پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا، کوشش رہی کہ صحافت پر کوئی دباؤنہ ڈالیں، حقائق پر مبنی رپورٹنگ ملک کے لیے اہم ہے، ہم نے آزادی اظہار رائے یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحافی حضرات تنقید ضرور کریں لیکن اچھے کاموں کو بھی اجاگر کریں، میڈیا رپورٹس میں مثبت پہلو بھی ہونا چاہیئے، صحافی بتائیں ہم نے ذمہ داری پوری کی یا نہیں، حکومت کام کرتی ہے اور تنقید کا دفاع بھی کرتی ہے، سنسر شپ کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں، 65سال میں اتنا کام نہیں ہوا،جتنا5سالوں میں کیا گیا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے وعدہ کیا تھا کہ صحافیوں کیلئے کوئی سیکریٹ فنڈ نہیں ہوگا، ہم نے پانچ سالوں میں خفیہ فنڈز پر ایک پیسہ بھی نہیں لگایا۔
تقریب کے اختتام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث آج پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، مگر مخالفین اب بھی اپنی سازشوں سے باز نہیں آئے، پگڑی اچھالے جانے پر کبھی کسی کو ہرجانہ نہیں ملا، ہم نے چیلنجز کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔