کراچی: ٹھٹھہ کے قریب ٹریک پر دھماکا، ٹرین الٹ گئی، 4 افراد جاں بحق، 87 زخمی
اسٹاف رپورٹ
کراچی : گھگھر پھاٹک کے قریب قادر نگر کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد شالیمار ایکسپریس کی کئی بوگیاں الٹ گئیں، 4 افراد جاں بحق اور 85 سے زائد زخمی ہوگئے، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی اور ٹھٹہ کے درمیان قادر نگر کے علاقے میں ٹریک کو دھماکے سے اڑادیا گیا جس کے باعث شالیمار ایکسپریس کی 14 میں سے 10 بوگیاں الٹ گئیں، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں بچی سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ بوگیوں میں موجود درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں، مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو بوگیوں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں سے امدادی ٹیمیں پہنچنا شروع ہوگئین، اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو رزاق آباد کے قریب اسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ اب بھی لوگ بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق شالیمار ایکسپریس میں 9 اکانومی، 3 اے سی، ایک سامان اور ایک جنریٹر کی بوگی تھی، جن میں سے کئی پٹری سے اتر گئیں جبکہ کچھ بوگیاں الٹ گئیں۔
دوسری جانب ریلوے حکام نے واقعے کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی، خوشحال خان خٹک اور فرید ایکسپریس کو لانڈھی میں روک لیا گیا، رات 10 بجے سکھر ایکسپریس اور خیبر میل کی روانگی بھی منسوخ کردی گئی جبکہ عوام ایکسپریس کو جھنگ شاہی اور ہزارہ ایکسپریس کو حیدرآباد میں روک لیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے سعد رفیق نے کراچی ریلوے ٹریک پر دھماکے کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئی جی ریلوے اور جی ایم ریلوے سے رپورٹ طلب کرلی ہے، واقعے کی تحقیقات ڈی ایس ریلوے، ایس ایس پی ریلوے کریں گے۔
سعد رفیق نے حکام کو ریلوے ٹریک بحال کرنے کا کام شروع کرنے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا تعاقب کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ سماء