دوسرا ون ڈے : سری لنکا نے پاکستان کو 2 وکٹ سے شکست دیدی
ویب ایڈیٹر
پالی کیلے : سری لنکا نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرادیا، شکست کے بعد گرین شرٹس آئی سی سی رینکنگ میں 9ویں پوزیشن پر چلا گیا۔
پالی کیلے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 287 رنز بنائے، سری لنکا نے 288 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
سری لنکن اوپنر کوشال پریرا نے 25 گیندوں پر 68 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کو ابتداء سے ہی دباؤ میں لے لیا، مگر اس کے بعد وقفے وقفے سے میزبان ٹیم کی وکٹیں گرنے لگیں، کئی مواقع پر اتار چڑھاؤ کے بعد چندی مل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 48 رنز بنا کر ٹیم کی نیا پار لگادی۔
تلکا رتنے دلشان 47، اپل تھارنگا 28، انجیلو میتھوز 8، لاہیرو تھریمانے 4، ملنڈا سری وردنا 26، سچتھ پتھیرانا 33 اور تھسارا پریرا 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے راحت علی نے 3، محمد حفیظ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کیخلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی، پاکستان ٹیم شکست کے بعد آئی سی سی رینکنگ میں 9ویں پوزیشن پر چلا گیا جبکہ ویسٹ انڈیز 8ویں نمبر پر آگیا، واضح رہے کہ رینکنگ کی 8 ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کریں گی۔ سماء