وزیراعظم اورخورشید شاہ کی اہم ملاقات ختم
نگراں وزیراعظم کی تقرری کے لیے حتمی نام سے متعلق مشاورت پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ملاقات ختم ہو گئی۔ خورشید شاہ کہتے ہیں 50 فیصد اتفاق ہوگیا۔
وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈرکےدرمیان ملاقاتوں کے کئی دورہوچکے ہیں لیکن تاحال کسی ایک نام پراتفاق نہیں ہوسکا۔آج ہونے والی ملاقات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرنے کیلئے شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ دوپہر ساڑھے 12 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔
ملاقات کے بعد خورشید شاہ نے میڈیا کو بتایاکہ نگران وزیراعظم کےنام پر50 فیصد اتفاق ہوگیا ہے، دوپہرساڑھے12بجے وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کروں گا۔ اس سے پہلے دوبارہ ملاقات ہو گی۔
انہوں نے امید ظاہرکی انشا اللہ نگراں وزیراعظم کے نام پراتفاق ہوجائےگا۔ میری کوشش ہے پارلیمنٹ میں معاملہ حل ہو۔سیاستدانوں کوخود فیصلہ کرنا چاہیےکسی اورکونہیں۔
وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈرکی ملاقات میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی آئینی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے لیکن نگراں وزیراعظم کا اونٹ کسی کروٹ نہ بیٹھ سکا۔ نام منتخب کرنے کیلئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ کے درمیان اس سے قبل 5 ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔
وزیراعظم سے ملاقات کے لیے روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت میں خورشید شاہ کا کہناتھا کہ نگراں وزیراعظم کے انتخاب کیلئے یہ حتمی ملاقات ہوگی ۔ اگرآج نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں بھیج دوں گا۔خورشید شاہ نے کہا کہ کوشش ہےکہ میرے اوروزیراعظم کےدرمیان ہی معاملہ حل ہوجائے۔