کون ہو گا نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان،فیصلہ آج متوقع
بلوچستان کے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے عبدالقدوس بزنجو اور اپوزیشن لیڈر عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان دوسری ملاقات بھی بے نتیجہ رہی دونوں جانب سے پیش کئے گئے سولہ ناموں میں سے کسی ایک پر بھی اتفاق نہ ہوسکا مزاکرات کا تیسرا دور آج ہو گا۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے مزاکرات کے دوسرے دور میں حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے آٹھ ناموں میں سے تین کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا جن میں صوبائی وزیر پرنس احمد علی ، جے یو آئی ف کے سابق سینیٹرایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ اور علاؤالدین مری کے نام شامل ہیں،جبکہ حزب اختلاف کی جانب سے پیش کئے گئے آٹھ ناموں میں سے دو کو شارٹ لسٹ کیا گیا جن میں سابق سفارت کار اشرف جہانگیر قاضی اور سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کے نام شامل ہیں،تاہم دونوں جانب سے کسی ایک نام پر اتفاق نہ ہوسکا ۔
عبدالقدوس بزنجو اور عبدالرحیم زیارتوال کے درمیان تیسرے مرحلے کے مذاکرات آج ہوں گے جس میں نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کیلئے دونوں جانب سے پیش کئے گئے پانچ ناموں پر مزید غور کیا جائے گا ۔ حکومت اور اپوزیشن کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ آج ہی متوقع ہے ۔