ایم فائیو موٹروے کے افتتاح سے قبل 5 مزدورں کی زندگیوں کے چراغ گل
ملتان میں ایم فائیو موٹروے کے افتتاح سے چند گھنٹے پہلے ڈمپر کی ٹکر سے پانچ مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ملتان میں ایم فائیو موٹروے کے افتتاح سے چند گھنٹے پہلے المناک حادثہ پانچ مزدوروں کی زندگیاں نگل گیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج موٹروے پر ملتان شجاع آباد سیکشن کا افتتاح کریں گے۔ تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا کام جاری تھااچانک بے قابو ڈمپر مزدوروں پر چڑھ گیا جس سے تین مزدور موقع پر دم توڑ گئے جبکہ چار کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو مزدور اسپتال میں دم توڑ گئے۔ ڈاکٹرز کے مطابق دو زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث ملتان منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں جبکہ پولیس ڈمپر ڈرائیور سے تفتیش کر رہی ہے۔