تازہ ترین

کراچی:ہیٹ ویوکی صورتحال،ہلاکتوں کا دعویٰ اورتردید

شفقت عزیز ،علی حسنین

کراچی میں جان لیواگرمی کی لہرجاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھرمیں آج (منگل ) کو بھی شدید گرمی رہے گی۔ گزشتہ کئی روز سے شہریوں کے صبر کا امتحان لینے والا کراچی کا درجہ حرارت آج 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جاری ہیٹ ویو کی لہرجمعرات تک برقراررہ سکتی ہے جبکہ جمعہ 25 مئی  سے درجہ حرارت میں قدرے کمی کا امکان ہے۔ آج ہوا میں نمی کا تناسب نوفیصد رہےگا اور دوپہردو بجے تک شہر میں گرم اور خشک ہوائیں چل سکتی ہیں۔

ہیٹ اسٹروک سے پینسٹھ ہلاکتوں کا دعویٰ

ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ کراچی میں گزشتہ چار روز میں ہیٹ اسٹروک سے اب تک پینسٹھ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔سماء سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بتایا کہ پچھلے چار روز میں شہر کے مختلف ایدھی سینٹرز میں تقریبا 180 لاشیں لائی گئیں جس میں سے 65 افراد کی ہلاکتیں ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے ہوئیں۔  ان کے لواحقین نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے موت کی وجہ ہیٹ اسٹروک بتائی ہے۔مرنے والوں زیادہ تعداد مزدور طبقے کی ہے ۔

محکمہ صحت نے دعویٰ مستردکردیا

دوسری جانب محکمہ صحت نے فیصل ایدھی کا دعویٰ ماننے سے انکارکردیا ہے۔ سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیٹ اسٹروک سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، تمام لوگ طبعی موت مرے ہیں جن کے ڈیٹھ سرٹیفیکیٹ میں بھی موت کی وجہ ہیٹ اسٹروک نہیں لکھی گئی۔ مریض کی موت کی وجہ کا تعین صرف ڈاکٹرز کر سکتے ہیں۔

جناح اسپتال میں ہیٹ اسٹروک کا کوئی مریض نہیں لایا گیا

ایگزیکٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی ڈاکٹرسيمي جمالي نے بھي ہيٹ اسٹروک کا کوئي بھي مريض اسپتال نہ پہنچنے کي تصديق کي۔ سما سے بات کرتے ہوئے سیمی جمالی نے بتایا کہ ابھی تک ہیٹ اسٹروک کا کوئی مریض جناح اسپتال نہیں لایا گیا، ہوسکتا ہے نہ بھی آئے کیونکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ایک فرق واضح ہے، گزشتہ سال درجہ حرارت کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب بھی بہت زیادہ تھا جو کہ اس سال کم ہے۔ ہوا میں نمی کے تناسب میں کمی ہوتو ہیٹ اسٹروک کا خدشہ بھی کم ہوتا ہے۔

ڈی جی میٹ نے کیا بتایا؟

معاملے پر ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات سے بات کی گئی تو ان کا بھی کہنا تھا کہ ہيٹ اسٹروک سے ہلاکت ممکن نہيں۔ ڈی جی میٹ نے بتایا کہ خشک گرمی ہے، ہوامیں نمی کا تناسب کم ہے جس کے باعث لو چلے گی۔

میئرکراچی کا موقف

مئیرکراچی وسیم اختر نے بھی ہیٹ اسٹروک سے پینسٹھ افراد کی ہلاکت کی خبر کو مسترد کردیا ۔ کہتے ہیں کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کےلیے کے ایم سی سمیت تمام ادارے کام کررہے ہیں ۔

اہم بات یہ ہے کہ ان تمام دعوؤں کے برعکس 3 سال پہلے کي صورتحال پرنظر ڈالي جائے تو ايدھي نے ہي ہيٹ اسٹروک سے سيکڑوں ہلاکتوں کا بتايا تھا جبکہ محکمہ صحت اس وقت بھي انکار ہي کررہا تھا۔

کراچی میں شدیدگرمی کا بڑاسبب

ماہرین کے مطابق کراچی میں شدید گرمي کا ایک بڑا سبب درختوں کا نہ ہونا بھي ہے۔

شہر میں حد نگاہ تک درختوں کا وجود کم کم ہی دکھائی دیتا ہے۔ چند روز قبل بھی رات کي تاريکي ميں بلدیہ جنوبی کی حدود کلفٹن روڈ پر متعدد درختوں کو کاٹ دیا گیا جبکہ فروري ميں کے ايم سي نے باغ ابن قاسم اور بيچ ويو پارک سے درخت اکھاڑے۔

شہرميں لوڈشيڈنگ کی صورتحال

شدید گرمی میں بھی کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کوئی خاص کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ بن قاسم پاور پلانٹ میں ہالینڈ سے درآمد کردہ نیا پرزہ لگا دینے کے باوجود مختلف علاقوں میں 3 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

بن قاسم پاور پلانٹ کي فني خرابي بھي دورکردي گئي ليکن اب بھي سات سے آٹھ سو ميگا واٹ کا شارٹ فال ہے اور کے اليکٹرک کے دعوے کے برعکس لانڈھی، کورنگی، ملیر، لائنز ایریا، اے بی سینیا اور دیگرعلاقوں میں بجلی کي طويل بندش جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔تاہم راولپنڈی، بالائی خیبرپختونخوا، بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

DG met

weather forecast

HEAT WAVE

heat stroke

Tabool ads will show in this div