بحریہ ٹاؤن سے فائدہ اٹھانے والوں میں میڈیا مالکان، اینکرز، ججز اور وکلاء بھی شامل : ندیم ملک
سماء کے میزبان ندیم ملک نے سپریم کورٹ کی جانب سے بحریہ ٹاؤن منصوبوں کی تحقیقات کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست کافی طویل ہے، جس میں میڈیا مالک، نامور اینکرز، ججز اور معروف وکلاء بھی شامل ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں کیخلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا۔
چیئرمین نیب نے متعلقہ ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں بحریہ ٹاؤن کیخلاف تفتیش 3 ماہ میں منطقی انجام تک پہنچائیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کی من و عن تعمیل کی جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے 4 مئی کو اپنے متفقہ فیصلے میں کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی اراضی سے متعلق درخواستوں پر فیصلے میں قرار دیا تھا کہ بحریہ ٹاؤن کو سرکاری زمین کی الاٹمنٹ غیر قانونی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے معاملہ نیب کو بھیجنے اور 3 ماہ میں تحقیقات مکمل کرکے ذمہ داران کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ عدالت نے بحریہ ٹاؤن کراچی، راولپنڈی اور مری میں رہائشی، کمرشل پلاٹوں اور عمارتوں کی فروخت کا عمل بھی روکنے کا حکم دیا تھا جبکہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا۔