نگراں وزیراعظم کا معاملہ منگل تک ٹل گیا

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اخلاتف خورشید شاہ کی جمعہ کو ہونے والی ملاقات بھی کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی۔ نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل تل ٹال دیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزيراعظم شاہد خاقان عباسی اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔

 

خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ ترکی جارہے ہیں، نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت کے لیے اتوار کو ملاقات رکھ لیتے ہیں جس کے بعد طے ہوا کہ منگل 22 مئی کو ایک اور ملاقات ہوگی جس میں نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کیا جائے گا۔

 

اس سے قبل میڈیا سے گفت گو میں اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات کے دوران کسی نام پر اتفاق ہونے پر نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کردیا جائے گا، میڈیا پر جو نام چل رہے ہیں کسی نام پر تبصرہ نہیں کرسکتا۔

 

وزیراعظم سے ملاقات سے قبل صحافی نے خورشید شاہ سے سوال کیا کہ ' کیا اپوزیشن نے اپنے ناموں کو حتمی شکل دے دی جس پر قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 'میں اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے نام پر بحث کریں گے، امید ہےمتفقہ نام پراتفاق ہوجائے گا، تاہم وزیراعظم کے متفق ہونے سے پہلے نام نہیں بتاسکتا۔

 

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم کیلئے سامنے آنے والے ناموں میں اویس احمد غنی، سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان اور سابق چئیرمین سینیٹ محمد میاں سومرو شامل ہیں، جب کہ سابق گورنراسٹیٹ بینک شمشاد اختر، سابق چیف جسٹس ناصر الملک اور سابق چیف جسٹس تصدق جیلانی کے نام بھی زیرغور ہیں۔

 

اس سے قبل 11 مئی کو خورشید شاہ نے میڈیا سے گفت گو میں کہا تھا کہ وزیراعظم اور وہ نگراں وزیراعظم کیلئے چھ میں سے ایک نام پر متفق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت اچھا رازداں ہوں، وقت سے پہلے نام نہیں بتاؤں گا۔ پہلے نام سامنے آجائے تو میڈیا پیچھے لگ جاتا ہے۔ پندرہ مئی کونگراں منتظم کے نام کا اعلان کروں گا۔

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد انتخابات تک نگراں حکومت امور سنبھالے گی۔

KHURSHEED SHAH

CareTaker PM

khaqan Abbasi

Election2018

Tabool ads will show in this div