نگراں وزیراعظم پرحتمی مشاورت: پیپلزپارٹی نے آج اہم اجلاس بلالیا
نگراں وزیراعظم کے نام پر حتمی مشاورت کيلئے پيپلز پارٹي نے آج سہ پيردو بجےاہم اجلاس کراچي ميں طلب کرليا۔
نگراں وزيراعظم سے متعلق اجلاس کي صدرات چیئرمین بلاول بھٹو اورآصف زرداری کریں گے۔اجلاس ميں اپوزيشن ليڈرخورشید شاہ نگران وزیراعظم کےحوالےسے پارٹی قیادت کواعتماد میں لیں گے۔
اجلاس میں شرکت کیلئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان اور دیگر قیادت کراچی روانہ ہوگئی جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے جس کے بعد انتخابات تک نگراں حکومت امور سنبھالے گی۔
اس سے قبل 11 مئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وہ نگراں وزیراعظم کیلئے چھ میں سے ایک نام پرمتفق ہوگئے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بہت اچھا رازداں ہوں، وقت سے پہلے نام نہیں بتاؤں گا۔ پہلے نام سامنے آجائے تو میڈیا اس کا تیا پانچہ کردیتا ہے۔ پندرہ مئی کونگراں منتظم کے نام کا اعلان کروں گا۔
خورشید شاہ کے مطابق نگران وزیراعظم ایک اچھا منتظم اور سب کے لیے قابل قبول ہوگا۔