خیبرپختونخواحکومت کامریضوں کیلئےمفت ہیلتھ انشورنس پروگرام کااعلان
اسٹاف رپورٹ
پشاور : خیبرپختونخوا حکومت نے نادار مریضوں کے مفت علاج کے لئے ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کردیا۔ مریضوں کے آپریشن اور ادویات کے اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔
مریضوں کے مفت علاج کے لئے ہیلتھ انشورنس پروگرام پر عمل درآمد میں خیبر پختونخوا بازی لے گیا، صوبائی حکومت نے انشورنس کمپنی سے معاہدہ کرلیا، پروگرام کے تحت غریب اور نادار مریضوں کو ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے، جس پر اسپتال میں داخل مریض کاعام بیماریوں کے ساتھ ساتھ کسی حادثے میں زخمی ہونے پربھی مفت علاج ہوگا۔
پانچ سالہ منصوبےکے تحت غریب خاندان کے ہر فرد کو فی کس پچیس ہزار روپے سالانہ تک علاج کی سہولت میسر ہوگی، ایک ڈالر فی کس آمدنی کے حامل افراد اس سہولت سے استفادہ کرسکیں گے۔ جس کے لئے نادرا ور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے اعداد وشمار حاصل کئے جائینگے۔ منصوبے پر ایک ارب انتالیس کروڑ روپے لاگت آئیگی، جن میں ایک آرب تینتیس کروڑ روپے جرمنی کی حکومت فراہم کرے گی۔ سماء