تاریخی ٹیسٹ، فہیم اور شاداب آئرش باﺅلرز کے سامنے چٹان بن گئے

May 13, 2018

اسد شفیق، شاداب خان اور فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف تاریخی کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنا لئے، بارش کی وجہ سے میچ کو وقت سے قبل ختم کیا گیا۔


ڈبلن ٹیسٹ کے دوسرے روز آئرش ٹیم کے قائد ولیم پورٹر فیلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 13 کے اسکور پر اس کے دونوں اوپنرز آﺅٹ ہوگئے، اظہرعلی 4 اور امام الحق 7 رنز بنا سکے۔

اس موقع پر اسد شفیق نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 71 تک پہنچا دیا، یہاں پر تھامسن نے حارث کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی، حارث نے 31 رنز بنائے، بابر اعظم 14 رنز بنا سکے، 153 کے اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ گری جب اسد شفیق جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 62 رنز بنانے کے بعد رینکن کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہو گئے۔

کپتان سرفراز احمد بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 20 رنز بنانے کے بعد تھامسن کی گیند کا نشانہ بنے، 159 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد شاداب خان اور فہیم اشرف نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے مشکل وقت میں شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر حریف باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور ساتویں وکٹ میں 109 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر نہ صرف ٹیم کو تباہی سے بچایا بلکہ اس کی پوزیشن بھی بہتر بنا لی۔

بارش کی وجہ سے میچ کو 24 اوورز پہلے ختم کر دیا گیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 268 رنز بنا لئے تھے۔ فہیم اشرف 61 اور شاداب خان 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ ٹم مورتگ، بائیڈ رینکن اور تھامسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ اے پی پی

FAHEEM

pak

shadab

IRL

Tabool ads will show in this div