حکومت کی طالبان کمیٹی کو وزیرستان جانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنیکی پیشکش
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : حکومت نے طالبان کمیٹی کو وزیرستان جانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی پیش کش کردی، حکومت کا کہنا ہے کہ طالبان کو پیغام دیا جائے کہ قبائلی علاقوں سے سیکیورٹی پوسٹیں ختم کرسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے طالبان کی رابطہ کار کمیٹی کو وزیرستان جانے کیلئے بارشیں ختم ہونے اور موسم صاف ہونے پر ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کی آزادانہ نقل و حرکت کیلئے قبائلی علاقوں سے سیکیورٹی پوسٹیں بھی ختم کی جاسکتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی بھی طالبان سے براہ راست ملاقات کرنے کی خواہاں ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ اگر طالبان مذاکرات کرنا چاہیں تو وزیرستان یا اسلام آباد میں ملاقات ہوسکتی ہے، وفاقی دارالحکومت میں ملاقات کیلئے طالبان کو سیکیورٹی کی یقین دہانی بھی کراتے ہیں۔ سماء