پانی کو ترستے کراچی والوں کیلئے نئی سروس کا آغاز

کراچی میں پانی کا شدید بحران شہریوں کیلئے سالوں سے اذیت بنا ہوا ہے، نلوں میں تو پانی آتا نہیں لیکن واٹر ٹینکر ایپ لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
واٹر بورڈ کراچی نے شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے واٹر ٹینکر ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ کے مطابق شہری گھر بیٹھے ٹینکر منگواسکیں گے، جس کی قیمت، بھی ایپ میں درج ہوگی جبکہ واٹر ٹینکر کا نمبر، ڈرائیور کا نام اور موبائل نمبر بھی شامل ہوگا۔
اس سے قبل واٹر بورڈ نے آن لائن واٹر ٹینکر سروس کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت ایک فون کال پر شہریوں کو پانی کا ٹینکر دستیاب ہوگا، آن لائن سینٹر کیلئے 99245152 ، 99245178 ، 99240802 نمبر دیئے گئے تھے جن پر شہری صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک اپنے ٹینکرز فراہم کرنے کی درخواست درج کروا سکتے تھے۔
جبکہ شہریوں کو مقررہ نرخ سے زائد رقم طلب کرنے پر ٹینکر کا نمبر فون نمبر 021-99245020 پر درج کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔