چیف جسٹس نے وزیراعظم کی طلبی کا عندیہ دے دیا
ذوالقرنین اقبال
سپریم کورٹ نے پائلٹس کی ڈگریوں کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر تین ائرلائنز کے چیف ایگزیکٹوآفیسرز کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے ائربلیو کے مالک وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طلبی کا عندیہ بھی دے دیا۔
پائلٹس کی جعلی ڈگریوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ائربلیو، سیرین اور شاہین ائرلائنز کے مالک کون ہیں؟ ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے بتایا کہ ائربلیو کے مالک وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ شاہد خاقان عباسی کو عدالت میں طلب کرلیں۔ان کی طلبی بطور وزیراعظم نہیں ہوگی۔
دوران سماعت ایڈیشنل ڈائریکٹر سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کے چوبیس پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ہونے کا بھی انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بارہ پائلٹس نے عدالتوں سے حکم امتناع لے رکھا ہے۔
سپریم کورٹ نے ائربلیو، سیرین اور شاہین ائرلائنز کے سی ای اوز کو بارہ مئی کو کراچی رجسٹری میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔