آرمی اور نیول چیفس کی احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سربراہ پاک نیوی نے وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے، احسن اقبال کی جلد صحتیاب کیلئے دعا کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نارووال میں کارنر میٹنگ سے خطاب کے بعد واپس جارہے تھے کہ مقامی شہری عابد حسین نے ان پر فائرنگ کردی، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء کے دائیں بازو میں ایک گولی لگی جس پر انہیں مقامی اسپتال منتقل کردیا۔
ڈی پی او نارووال کے مطابق وفاقی وزیر کی حالت خطرے سے باہر ہے، ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے نارووال میں مسلم ن کے سینئر رہنماء احسن اقبال پر حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی ہے، آرمی چیف نے وفاقی وزیر داخلہ کی جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔
نیول چیف ظفر محمود عباسی نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔
احسن اقبال کو نارووال سے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر میں لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔