وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی

نارووال میں وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی  ہوگئے، ان کے ہاتھ اور پیٹ میں دو گولیاں لگی ہیں، ڈی پی او نارووال نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کردی، ان کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کی حالت خطرے سے باہر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے نارووال سے سروسز اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا۔

سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او نارووال عمران کشور نے بتایا کہ وفاقی وزیر داخلہ نارووال کے علاقے شکر گڑھ میں ایک چھوٹی سیاسی تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے، جہاں ان پر ایک شخص نے فائرنگ کردی، احسن اقبال کے دائیں ہاتھ اور پیٹ میں دو گولیاں لگیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ویڈیو دیکھیں : احسن اقبال کو اسپتال منتقل کرنے کے مناظر

رپورٹ کے مطابق احسن اقبال کو اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں آپریشن تھیٹر میں انہیں طبی امداد دی گئی۔

عمران کشور کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مقامی شہری عابد حسین کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کی عمر 21 سال ہے۔

عمران کشور نے مزید کہا کہ احسن اقبال میٹنگ کے بعد باہر آرہے تھے کہ ملزم نے فائرنگ کردی، عابد حسین کپڑوں میں پستول چھپا کر آیا تھا۔

ڈی پی او نارووال نے واقعے کی وجوہات سے  متعلق سوال پر کہا کہ تاحال حملے کا مقصد معلوم نہیں، ملزم سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

سماء نے وزیر داخلہ پر حملہ کرنے والے ملزم کی تصویر حاصل کرلی، فائرنگ کرنے والے عابد حسین کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو 30 بور پستول کی گولی لگی، ملزم کا تعلق قریبی گاؤں ویرم سے ہے، عابد حسین موٹر سائیکل پر جلسہ گاہ آیا تھا۔

احسن اقبال کو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے نارووال سے لاہور پہنچادیا گیا، انہیں طبی امداد کیلئے سروس اسپتال منتقل کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کو 2 گولیاں لگی ہیں۔

تفصیلات دیکھیں : احسن اقبال پر حملے کیخلاف ن لیگی کارکنوں کا مظاہرہ

اظہار مذمت

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے احسن اقبال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور خیریت دریافت کی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے بھی نارووال میں وفاقی وزیر پر حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے احسن اقبال کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی ہے، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ سے رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی، ساتھ ہی احسن اقبال کو لاہور منتقل کرنے کیلئے بھی اپنا ہیلی کاپٹر بھی نارووال بھجوادیا۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کہ ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو لاہور منتقل کیا جارہا ہے، قوم کیلئے ان کی کافی خدمات ہیں، وی آئی پی پروٹوکول اور سیکیورٹی میں فرق سمجھنا چاہئے۔

مزید جانیے : آرمی اور نیول چیفس کی احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت

قمر زمان کائرہ نے واقعے پر مذمت کرتے ہوئے ن لیگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، بولے کہ جب اس ملک کا وزیر داخلہ اپنے حلقے میں محفوظ نہیں تو کیا ہوگا، ایسے عزائم رکھنے والوں کو اللہ ناکام کرے، حکومت اپنی نااہلی کا رونا رونے کے بجائے اس پر بھی توجہ دے۔

شاہ محمود قریشی اور ابرار الحق نے واقعے کی مذمت کی ہے، کہتے ہیں کسی بھی سیاسی کارکن پر حملہ قابل مذمت ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ احسن اقبال کی جان کو خطرہ نہیں، پولیس اور انتظامیہ واقعے کی تحقیقات کرکے اس کے اصل مقاصد تک پہنچے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے احسن اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں کہتے ہیں کہ وفاقی وزیر داخلہ حملہ تشویشناک ہے، اس طرح کے واقعات کو روکنا ہوگا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی مذمت کی۔ کہتے ہیں کہ میں احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

PUNJAB

INTERIOR MINISTER

Abid Hussain Arrest

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div