خاران میں6 مزدوروں کا قتل، میتیں آبائی علاقے روانہ
بلوچستان کے علاقے خاران میں قتل کیے جانے والے چھ مزدوروں کی میتیں آبائی علاقے اوکاڑہ روانہ کردی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ چھ مزدوروں کو ٹاور نصب کرنے کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے چھ مزدوروں کی میتیں آبائی علاقے اوکاڑہ روانہ کردی گئی ہیں، مقتولین میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔ مقتولین کی میتیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئی تھیں، جہاں ضروری کارروائیوں کے بعد انہیں آبائی علاقے کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔
لیویز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعہ کی صبح پیش آیا، جب مزدور موبائل فون کا ٹاور نصب کرنے میں مصروف تھے۔ خاران پولیس کے مطابق 6 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے، مقدمہ لیویز تھانہ خاران میں درج کیا گیا۔
حکام کے مطابق مقدمہ مقتولین کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔