کراچی میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف جمعہ کو ہڑتال کا اعلان

 

کراچی : کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی نے کل (جمعہ کو) ہڑتال کا اعلان کردیا، کراچی بار ایسو سی ایشن اور آئل ٹینکرز ایسو سی ایشن نے حمایت کردی۔

کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی بدترین لوڈ شیڈنگ کی گئی، شہری دن اور رات کے اوقات میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شدید اذیت کا شکار رہے، سیاسی جماعتوں، مذہبی و سماجی حلقوں کی جانب سے ادارے اور حکومت پر کڑی تنقید کی گئی۔

کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ کی ذمہ داری ایس ایس جی سی پر ڈٓال دی، ان کا مؤقف تھا کہ ادارے کو گیس کی فراہمی میں کمی کردی گئی ہے جس کے سبب بجلی کی فراہمی میں کمی ہوئی، شدید عوامی دباؤ کے بعد بالآخر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نوٹس لیتے ہوئے کے الیکٹرک اور سوئی گیس کا تنازع حل کرایا، اور بجلی فراہم کرنیوالی کمپنی کیلئے گیس کی فراہمی میں اضافے کا حکم دیا، جس سے بجلی کی فراہمی میں کچھ بہتری آئی ہے۔

جماعت اسلامی نے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف 20 اپریل کو کراچی پریس کلب پر دھرنا دیا تھا جبکہ پاک سرزمین پارٹی نے بھی اسی روز ڈیفنس میں کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کیا جس میں تاجر رہنماء بھی شامل تھے۔

جماعت اسلامی نے لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر جمعہ کو ہڑتال کا اعلان کردیا، کراچی بار ایسو سی ایشن اور آئل ٹینکرز ایسو سی ایشن نے ہڑتال کی حمایت کردی۔

جماعت اسلامی کی جانب سے شہر بھر میں جمعہ کی ہڑتال کے حوالے سے بینرز اور پوسٹر لگادیئے گئے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے بھرپور مہم چلائی جارہی ہے، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج میں شریک ہوں۔

دوسری جانب سے پولیس نے اعلان کیا ہے کہ ہڑتال کیلئے زبردستی دکانیں بند کروانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ سڑک بلاک کرنے کی کوشش پر بھی ایکشن ہوگا۔

آل کراچی تاجر اتحاد اور سندھ تاجر اتحاد نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کے موقع پر کاروبار کھلا رکھنے اور گڈز ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں معمول کے مطابق چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پرائيويٹ اسکولز مينجمنٹ ايسو سی ايشنز نے جمعہ کو اسکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، انٹر بورڈ نے بھی کہا ہے کہ کل ہونیوالے امتحانات معمول کے مطابق ہوں گے۔

K ELECTRIC

Loadshedding

Tabool ads will show in this div