امریکی ریاست کولوراڈو کے اسکول میں فائرنگ،دو طلبا زخمی
اسٹاف رپورٹ
ڈینور : امریکا کے اسکول میں طالب علم نے فائرنگ کرکے دو طلباء کو زخمی کر دیا، بعد میں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تلاشی کے دوران پولیس نے اسکول سے دو بوتل بم بھی برآمد کر لیے۔ کنساس ائیرپورٹ کو بم سے اڑانے کی منصوبہ بندی کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
جمعہ کے روز امریکا کے اسکول میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ رونما ہوا، مسلح طالب علم نے اپنی کلاس کے ساتھی کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور پھر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
کولوراڈو کی کاؤنٹی ایرافاہائے کے پولیس حکام کے مطابق مسلح طالب علم نے فائرنگ سے پہلے اسکول کے ایک استاد کو ڈھونڈنے کی کوشش بھی کی تھی۔ ناکامی پر اپنے ساتھی کو فائرنگ کرکے زخمی کیا اور پھر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔ پولیس حکام نے ملزم کی شناخت ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے کے تمام اسکولوں کو بند کردیا گیا۔
ادھر ریاست کنساس کے پولیس حکام نے اٹھاون سالہ شخص کو حراست میں لے لیا، جس پر الزام ہے کہ وہ مڈ کونٹیننٹ ائیرپورٹ کو بم سے اڑانے کی منصوبہ کررہا تھا۔ جرم ثابت ہونے پر اسے عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب ریاست الینوائے کے کیمیکل پلانٹ میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔ فائر فائٹر نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ سما