مہنگائی میں کمی، شرح نمو میں اضافہ، اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری
اسلام آباد : وفاقی حکومت نے مالی سال 18-2017ء کی اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری کردی، گزشتہ سال شرح نمو 13 برسوں میں سب سے زیادہ 5.79 فیصد رہی، مہنگائی کی شرح 7.89 فیصد سے کم ہوکر 3.8 فیصد پر آگئی۔
وفاقی وزیر احسن اقبال اور مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس میں اقتصادی سروے 18-2017ء جاری کردیا۔
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ گزشتہ سال شرح نمو 13 سال کی بلند ترین سطح 5.79 فیصد رہی جبکہ مہنگائی کی شرح 7.89 فیصد سے کم ہو کر 3.8 فیصد ہوگئی۔

ان کا کہنا ہے کہ بجٹ خسارہ بھی 8.5 سے کم ہو کر 5.5 فیصد کی سطح پر آگیا، خسارہ مزید کم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، زراعت کے شعبے میں بہتری کی شرح 3.8 فیصد رہی۔
مفتاح اسماعیل نے مزید بتایا کہ ملک میں سالانہ 20 لاکھ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے، گزشتہ سال سے مارچ تک برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا، رواں سال ایف بی آر کا ریونیو 3 ہزار 900 ارب سے زائد رہا۔
مسلم لیگ ن کی 5 سالہ حکومت میں چھٹا بجٹ پیش کرنے پر اعتراض کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کوئی کتنی بھی سیاست کرلے صوبے بھی پورے سال کا بجٹ دیں گے، 3 ماہ کیلئے تنخواہیں نہیں بڑھا سکتے، بجٹ پورے سال کا بنتا ہے 3 ماہ کا نہیں۔
اقتصادی سروے کے مطابق صحت کا شعبہ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے، ملک میں 1580 مریضوں کیلئے صرف ایک بیڈ جبکہ 957 افراد کیلئے صرف ایک ڈاکٹر دستیاب ہے، پاکستان میں 1211 اسپتال، 5508 بنیادی مراکز صحت، 676 دیہی مراکز صحت ہیں جبکہ ڈاکٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 8007، ایک لاکھ 3 ہزار 777 نرسیں اور صرف 20 ہزار 463 دانتوں کے ڈاکٹرز ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ن لیگ کو حکومت بحرانوں میں ملی تھی، پاکستان کو توانائی کے بحران نے بری طرح جکڑا ہوا تھا، 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی تھی، ہم نے اپنے وسائل سے کئی مسائل پر قابو پالیا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنا منتخب ایوان کی ذمہ داری ہے، سیاسی بحران نہ ہوتے تو معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد تک ہوسکتی تھی، پاکستان اقتصادی سروے کئی لحاظ سے اہم ہے، یہ حکومت کی کارکردگی کا کارڈ بھی ہے۔
آئندہ مالی سال 19-2018ء کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے، جس کی صدارت اسپیکر ایاز صادق کریں گے، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل بجٹ پیش کریں گے۔