لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام کیلئے خوشخبری
کراچی : کراچی کے عوام کیلئے خوشی کی خبر آگئی، وزیراعظم کی ہدایت کے بعد ایس ایس جی سی نے گیس کی اضافی فراہمی شروع کردی، کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ میں کمی کی نوید سنادی۔
کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی میں گیس کی فراہمی سے متعلق تنازع کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا تھا، شدید گرمی میں کراچی کے شہری 8 سے 16 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کا عذاب جھیل رہے تھے۔
ایس ایس جی سی ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کیلئے گیس کی سپلائی بڑھادی گئی، 20 ایم ایم سی ایف ڈی گیس اضافے کے ساتھ کے الیکٹرک کو 130 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جارہی ہے، کے الیکٹرک نے 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
کے الیکٹرک ترجمان نے اضافی گیس ملنے کی تصدیق کردی، کہنا ہے کہ ایس ایس جی سی 130 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کررہی ہے۔
مزید جانیے : بجلی بحران:سوئی سدرن کے الیکٹرک کو گیس فراہم کرے گی، وزیراعظم
ترجمان کے مطابق گیس فراہمی میں اضافے سے لوڈشیڈنگ میں کمی آئے گی، 190 ایم ایم سی ایف ڈی گیس ملنے پر صورتحال معمول پر آجائے گی۔
کے الیکٹرک ترجمان نے دعویٰ کیا کہ گیس فراہمی بڑھنے کے بعد صورتحال میں بہتری سے صنعتی ایریاز آج سے لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہوجائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار وفاق کو قرار دیا اور اس حوالے سے 2 خطوط وزیراعظم کو ارسال کئے، تاہم وزیر مملکت توانائی اویس لغاری نے لوڈ شیڈنگ کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر ڈال دی تھی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہاؤس کراچی میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن گیس کے درمیان تنازع حل کرایا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج سے جتنی گیس کی کے الیکٹرک کو ضرورت ہوگی سوئی سدرن فراہم کرے گا، چوری کی بجلی استعمال کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہر میں جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ ہوگی۔