سی پیک نے ترقی وخوشحالی کیلئے مضبوط بنیاد فراہم کی:وزیراعظم

کراچی: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ موجودہ ہی نہیں بلکہ آئندہ نسلوں کے لئے بھی شاندار ثمرات کا حامل منصوبہ ہے جس سے پاکستان سمیت وسیع تر خطہ مستفید ہوگا۔
کراچی میں سی پیک کانفرنس سےخطاب کے دوران وزیراعظم نے کہاکہ تین سال سے بھی کم عرصہ میں یہ منصوبہ ایک حقیقت بن چکا ہے۔ اس منصوبے نے پاکستان کو مجموعی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔سی پیک کے ثمرات صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ افغانستان اور مغربی چین سمیت دیگر ممالک بھی اس منصوبے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ درحقیقت سی پیک خطے میں تمام ممالک کے لئے ایک موقع ہے اور یہ بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ سی پیک کے تحت پاکستان میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز بچھائی جا رہی ہیں اور خصوصی اقتصاد ی زونز کے قیام سے چین اور دنیا بھر سے کاروبار کے مواقع کو فروغ ملے گا اور تجارت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ سی پیک کے تحت منصوبہ جات پر اقتصادی موزونیت اور ماحولیاتی تحفظ کے دو بنیادی اصولوں کو مد نظررکھتے ہوئے عملدرآمد کیا گیا۔ سی پیک نے پاکستان کو ٹیکنالوجی اور زراعت جیسے مضبوط شعبوں کو تقویت دینے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا جس سے روزگار کے مواقع پیدا اور غربت میں کمی واقع ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس کانفرنس میں شرکت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک مضبوط دوستی کا مظہر ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ چینی صدر شی جن پنگ کا وژن تھا اور وہ اس منصوبے کے ذریعے چین کو مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا سمیت دیگر خطوں کے ساتھ منسلک کرنے کے خواہاں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کا قیام پاکستان اور چین سمیت دیگر ممالک کے کاروباری افراد کو مواقع فراہم کریں گے اس سے قومی معیشت کو تقویت ملے گی۔ اس سے قبل وزیر اعظم نے افغانستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعہ کی پرزور مذمت کی جس میں 50 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے۔