کوئٹہ میں فائرنگ،دکان دار جاں بحق
کوئٹہ : کوئٹہ میں عبدالستار روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص عبدالستار روڈ پر اپنی دکان میں موجود تھا، جہاں گھات لگائے ملزمان نے اس پر فائرنگ کی۔ جاں بحق پچاس سالہ شخص کی شناخت محمد آصف ولد غلام نبی کے نام سے کی گئی ہے۔
مقتول دکان دار علمدار روڈ کا رہائشی تھا۔ ریسکیو ٹیم کے مطابق لاش کو ضروری کارروائی کیلئے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایچ او پولیس اسٹیشن ملک مراد کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں نامعلوم افراد نے آصف کی دکان پر فائرنگ کی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پچاس سالہ شخص آصف کا تعلق اہل تشیع مسلک سے تھا اور وہ یوسف زئی پٹھان تھا۔
سفاک ملزمان نے مقتول کے سینے، گردن اور کندھے پر پانچ گولیاں ماریں۔ ایس ایچ او مراد کے مطابق بظاہر حملہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ لگتا ہے۔ پولیس کے مطابق حملے میں نائن ایم ایم کا پستول استعمال ہوا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ صوبائی دالرالحکومت کوئٹہ میں حالیہ دنوں میں ٹارگٹ کلنگ کی واداتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس میں خاص حکمت عملی کے تحت اقلیتی برادری، ہزارہ سمیت دیگر کو نشانہ بنا گیا ہے، تمام وارداتوں میں نائن ایم ایم کا پستول ہی استعمال ہوا ہے۔