افغان کانفرنس،وزیراعظم اجلاس میں شرکت کیلئےآج انقرہ جائینگے
اسٹاف رپورٹ
انقرہ : وزیراعظم میاں محمد نواز شریف پاک، افغان، ترک سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے آج انقرہ جائیں گے۔
دفترخارجہ کے مطابق آٹھویں سہہ فریقی سربراہی کانفرنس بارہ سے چودہ فروری تک جاری رہے گی۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلٰی سطح کا وفد بھی ہوگا۔ کانفرنس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان سیکیورٹی اور اقتصادی تعاون کو علاقائی سطح پر مزید فروغ دینا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کانفرنس میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات بھی کریں گے، جب کہ طالبان سے مذاکرات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے تناظر میں اس ملاقات کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے، کچھ حلقوں کے مطابق ملاقات کا کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر اس کانفرنس کا براہ راست اثر پڑسکتا ہے، کیوں کہ اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک طالبان کا امیر فضل اللہ افغان صوبے کنڑ میں موجود ہیں۔
دوسری جانب افغان صدر کوآئندہ انتخابات کیلئے بھی پڑوسی ملک پاکستان کی حمایت اور تعاون درکار ہوگا۔ نوازشریف اور کرزئی میں ملاقات کے بعد ترک وزیراعظم طیب اردگان بھی ملاقات میں شامل ہوں گے، سہ ملکی مذاکرات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی موجود ہوں گے اور سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سماء