سعدرفیق روسٹرم پرآئیں اور لوہے کے چنے ساتھ لائیں:چیف جسٹس
لاہور: ریلوے میں ساٹھ ارب روپے خسارے کے از خود نوٹس کیس کی سماعت ميں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سعد رفیق صاحب روسٹرم پرآئیں اور لوہے کے چنے بھی ساتھ لے کر آئیں۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ریلوے خسارہ کیس میں پیشی کے لیے سپریم کورٹ رجسٹری لاہور پہنچے۔ سماعت کے آغاز پر ہی چیف جسٹس نے مکالمہ دیا کہ سعد رفیق صاحب روسٹرم پرآئیں اور لوہے کے چنے بھی ساتھ لائيں۔
سعد رفیق نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ یاد رکھو، ہم لوہے کے چنے ہیں۔ جو ہمیں چبانے کی کوشش کرے گا اس کے دانت ٹوٹ جائیں گے۔
چیف جسٹس کے اسطرح بلانے پر سعد رفیق بولے کہ وہ بیان آپ کیلئے نہیں، سیاسی مخالفین کیلئے تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریلوے میں ہونے والے خسارے اورآپ کی تمام تقریروں کا ریکارڈ منگواتے ہیں۔ بتائیں اب تک محکمہ ریلوے میں کتنا خسارہ ہوا؟۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ لوہے کے چنے والابیان تو سیاسی مخالفین کیلئےدیا تھا۔ آج بہت بد دل ہوا ہوں ۔ وضاحت دیتے ہوئے سعد رفیق بولے کہ ہم بہت محنت سے ریلوے کا خسارہ کم کررہےہیں۔ سیاست دانوں کی بھی عزت اور جذبات ہوتے ہیں۔