پوسٹ مارٹم : 10 ہزار میگا واٹ نیشنل گرڈ میں شامل کردیئے، عظمیٰ بخاری کا دعویٰ
کراچی : مسلم لیگ ن کی رہنماء عظمیٰ بخاری وفاقی حکومت کی گزشتہ ساڑھے 4 سالہ کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے مخلصانہ کوششیں کیں۔
سماء کی خصوصی ٹرانسمیشن پوسٹ مارٹم میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے سے متعلق اپنے وعدہ پر قائم ہیں، ہم نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2013ء اور 2018ء کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے، نامساعد حالات برداشت کئے، یہ نہیں کہہ رہی کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شوکت یوسف زئی نے عظمیٰ بخاری کے دعوے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا، بولے اب بھی ملک کے تمام شہر کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عظمیٰ بتائیں کہ 10 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی تو لوگوں کو مل کیوں نہیں رہی، کہاں غائب ہوگئی؟، صرف کراچی میں 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔
شوکت یوسف زئی مزید کہتے ہیں کہ شہباز شریف نے پشاور میں کہا کہ اس شہر کو لاہور کی طرح بنادیں گے، میں درخواست کرتا ہوں کہ برائے مہربانی ایسا نہ کریں۔
کیا نواز شریف کو ریلیوں میں بڑا مجمع لانے میں کامیابی ملی؟
بیورو چیف سماء پشاور طارق آفاق کہتے ہیں کہ نواز شریف پشاور میں بڑا عوامی اجتماع کرنے میں تو کامیاب ہوگئے تاہم یہ ان کی مقبولیت کا اشارہ نہیں ہے۔
پاکستان میں یہ کوئی بڑی بات نہیں، لوگ جلسوں میں عوامی رہنماؤں کی ایک جھلک دینے کیلئے جمع ہوتے ہیں، اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ یہ پی ٹی آئی یا مسلم لیگ ن کے وفادار حامی ہیں۔
پی ٹی آئی نے کتنے میگا واٹ بجلی پیدا کی؟، عظمیٰ بخاری کا سوال
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی مسلم لیگ ن پر تنقید ضرور کرتی ہے تاہم اس بات کا جواب دینے سے کتراتی ہے کہ خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت نے کتنے میگا واٹ بجلی پیدا اور نیشنل گرڈ میں شامل کی۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ بجلی پیدا اور کئی میگا واٹس نیشنل گرڈ میں شامل کرے گی، کیا انہوں نے اپنے وعدے پورے کئے۔
مسلم لیگ ن کی رہنماء کہتی ہیں کہ ہماری حکومت بستروں میں اضافے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کے ذریعے پنجاب بھر کے اسپتالوں میں بہتری لائی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا صحت کے نامکمل منصوبوں پر بات کرنے سے اجتناب
مسلم لیگ ن کی رہنماء نے پنجاب میں نامکمل اسپتالوں اور کڈنی سینٹرز پر بات کرنے سے گریز کیا۔ انہوں نے میڈیا پر زور دیا کہ اپنی توجہ شروع کئے گئے منصوبوں پر رکھے۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ کو بہاولپور کے برنس یونٹ، مختلف شہروں کے اسپتالوں میں 100 بستروں تک اضافے اور بہتری پر بات کرنی چاہئے۔
عظمیٰ نے مزید کہا کہ حکومت نے کسی بھی ممکنہ خراب صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122 کی موٹر سائیکل ایمولینس سروس کا آغاز کیا ہے۔