کابل میں سی آئی اے کمپاؤنڈ پر فائرنگ، راکٹ حملہ؛ 4 افراد زخمی
اسٹاف رپورٹ
کابل: افغانستان میں دو ہفتوں کے دوران امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کا دوسرا بڑا واقعہ پیش آیا ہے ۔۔۔ دارالحکومت کابل میں سی آئی اے کمپاؤنڈ پر فائرنگ اور راکٹ حملہ سے چار افراد زخمی ہوگئے اور ایک حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا۔
کابل میں صدارتی محل کے قریب آریانہ کمپاؤنڈ میں فائرنگ اور راکٹ حملہ کیا گیا۔۔ فائرنگ کئی منٹ تک سنی گئی ۔
یہ کمپاؤنڈ امریکی سفارتخانے کا حصہ اور خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے زیر استعمال ہے۔۔ ایجنسی کے اہلکار یہاں کام کے علاوہ قیام بھی کرتے ہیں ۔۔
فائرنگ سے افغان فوج کے دو اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوئے۔۔
مزیدبرآں، نیٹو کے دفتر پر بھی راکٹ داغے گئے ہیں۔۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی نے بتایا کہ پولیس نے فائرنگ سنی ہے لیکن وہ کمپاؤنڈ میں داخل نہیں ہوئی ۔۔ امریکی حکام نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔۔
کابل میں امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے واقعے پر تبصرے سے انکار کیا ہے ۔۔
دو ہفتے پہلے بھی مسلح افراد نے کابل میں امریکا کے سفارتخانے کو نشانہ بنایا تھا ۔۔ تقریبا بیس گھنٹے جاری رہنے والے اس تصادم میں پچیس کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے ۔۔
امریکا نے حقانی نیٹ ورک کو حملہ کا ذمہ دار قرار دیا تھا ۔۔سماء