بدنام زمانہ ریمنڈ امریکامیں بھی بازنہ آیا،شراب کے نشے میں قاتلانہ حملے کا الزام
اسٹاف رپورٹ
نیویارک: دو پاکستانی شہریوں کا قاتل امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس اپنے ملک میں بھی باز نہ آیا۔ ریمنڈ ڈیوس کو امریکی شہر کولوراڈو میں شراب کے نشے میں دھت جھگڑا کرنے اور فائرنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تاہم ضمانت ہونے پر دوبارہ رہا کر دیا گیا۔ مگر کبھی تو یہ اونٹ پہاڑ تلے آہی جائے گا۔
لاہور میں دو پاکستانیوں کو قتل کرنے کے بچ نکلنے والے امریکی شہری ریمنڈ ڈیوس پر نشے کی حالت میں اپنے ہی ہم وطن پر قاتلانہ حملہ کرنے کا الزام عائد کردیا گیا ہے۔
امریکی شہر کولوراڈو کے ہائی لینڈ رینچ پارکنگ ایریا میں ریمنڈ ڈیوس نے جھگڑے کے دوران ایک شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق جھگڑا پارکنگ کے تنازع پر ہوا تھا۔ ریمنڈ کو گرفتاری کے بعد جرمانے کی ادائیگی پر رہا کردیا گیا۔ ریمنڈ ڈیوس نے لاہور میں دو پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا۔
اسے امریکی حکام کی جانب سے دیت کی مد میں بیس کروڑ روپے کی ادائیگی کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔
ریمنڈ کے تشدد کا نشانہ بننے والے شخص نے طبی امداد لینے سے بھی انکار کردیا تھا۔ سماء / ایجنسیز