حکومت سالانہ اہداف پورا کرنے میں ناکام
رپورٹ : شکیل احمد
اسلام آباد: حکومت جی ڈی پی صنعتی ترقی اور فی کس آمدنی کے سالانہ اہداف پورا کرنے میں ناکام رہی، رواں سال معاشی ترقی کی شرح چھ فیصد کے بجائے پانچ اعشاریہ سات نو فیصد رہے گی ۔
ادارہ شماریات نے عبوری اعداد و شمار جاری کر دیئے جس کے مطابق مالی سال 2017-18 کے دوران معاشی میدان میں حکومت کے کتنے نشانے ٹھیک لگے اور کتنے اہداف پورے نہ ہو سکے ۔ رواں مالی سال معاشی ترقی کا تیر نشانے پر نہ لگا، سالانہ 6 فیصد ہدف کے مقابلے میں جی ڈی پی گروتھ 5.79 فیصد رہے گی۔
ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی زراعت کا شعبہ اپنے ہدف 3.5 سے بھی آگے نکلتا دکھائی دینے لگا۔ 3.8 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔ یعنی یہ نشانہ بھی ٹھیک لگا۔
خدمات کا شعبہ بھی 6.4 فیصد کا ہدف پورا کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ کارکردگی ہدف سے بہتر یعنی 6.43 فیصد رہے گی۔
صنعتی شعبے کا ہدف تو تھا 7.3 لیکن یہاں نشانہ خطا ہوگیا۔ اس کی کارکردگی 5.8 فیصد رہے گی، سیمنٹ۔ ٹریکٹرز۔ ٹرک اور پیٹرولیم کے شعبے میں نمایاں بہتری رہی البتہ تمام تر حکومتی دعووں کے باوجود بجلی اور گیس کے شعبے میں صرف 1.84 فیصد ہی بہتری آسکی۔
فی کس آمدنی کا ہدف رواں سال بھی پورا ہوتا نظرنہیں آ رہا۔ ایک لاکھ 88ہزار 626 کے مقابلے میں فی کس آمدنی ایک لاکھ 80 ہزار 204 روپے رہے گی۔