سیب کھائیں اور ڈاکٹر سے دور رہیں اب غلط ثابت ہوگیا
اسٹاف رپورٹ
لندن : مشہور کہاوت ہے کہ روزانہ ایک سیب کھائیں ڈاکٹر کو دور بھگائیں لیکن سیب آپ کو صرف ڈاکٹر سے دور کرتے ہیں دندان ساز سے نہیں۔ برطانوی طبی ماہرین نے جدید تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ سیب دانتوں کو سافٹ ڈرنکس سے زیادہ نقصان پہنچاتے ہیں۔
سیب میں موجود فائبر کولیسٹرول کو کم کرکے دل کے امراض سے بچاتے اور فلیونوئیڈز کینسر کے خلاف کام کرتے ہیں۔ اسی لیے سیب کھانے کی عادت ڈاکٹروں سے دور رہنے کی وجہ قرار دی جاتی ہے لیکن سیب میں موجود سٹرک ایسڈ اور شوگر دانتوں کے لیے انتہائی خطرناک بھی ہے۔
لندن کے کنگز کالج ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے جدید تحقیق کے بعد بتایا ہے کہ ایک سیب میں چار چھوٹے چمچوں کے برابر شکر ہوتی ہے جو سٹرک ایسڈ کے ساتھ مل کر منہ میں تیزابیت کا تناسب بڑھا دیتی ہے جس سے دانتوں کو ٹھنڈا گرم لگنے سے محفوظ رکھنے والی شیلڈ ایایمل اور ڈینٹائن کو سافٹ ڈرنک کی نسبت چار گنا زیادہ نقصان پہنچتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیب کو دودھ کے ساتھ کھانے سے دانتوں کو مطلوبہ کیلشیم ملتی ہے جس سے دانت محفوظ رہتے ہیں۔ سیب کھانے کے بعد اگر پانی پی لیا جائے تو اس سے بھی تیزابیت کے اثر کو کم کیا جا سکتا ہے۔ سماء/ ایجنسیز