پولیو وائرس سے بچاؤ کیلئے ملک بھر میں آج سے مہم کا آغاز
کوئٹہ/ فاٹا/پشاور/کراچی : وزارت صحت کی جانب سے ملک بھر میں قومی ایمو نائزیشن مہم کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، جب کہ مہم کے دوران لوگوں میں شعور بھی اجاگرکیا جائے گا۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فروری کے ماہ میں ایمو نائزیشن مہم کے موقع پر 39 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران اب تک صرف ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، جس کا تعلق بلوچستان کے نواحی علاقے سے ہے۔
رواں ماہ شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم بیک وقت ملک بھر میں جاری ہے، مہم کے دوران فاٹا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جارہے ہیں، انسداد پولیو مہم ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مہم کے دوران نہ صرف لوگوں میں پولیو کے مرض کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے گا، بلکہ گھر گھر جا کر پولیو ے قطرے بچوں کا پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم کیلئے گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو خصوصی قسم کی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
سندھ: رواں سال کی چوتھی 5روزہ پولیو مہم کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں جاری ہے، جہاں کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ ایمرجنسی پولیو سیل سندھ کے مطابق پانچ روزہ پولیو مہم میں سندھ کے اضلاع میں 86لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، کراچی میں 24لاکھ بچوں کو پولیو سےبچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ایمرجنسی پولیو سیل سندھ کے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پانچ روزہ پولیو مہم میں 12ہزار پولیو رضاکار فرائض انجام دیں گے، پولیو مہم میں پانچ ہزار پولیس اہلکار، پولیو رضاکاروں کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ واضح رہے کہ 2017ءمیں ملک بھر میں پولیو کے 8کیس سامنے آئے تھے۔

کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ رواں سال سندھ میں پولیو سے متاثرہ کوئی کیس سامنے نہیں آیا، کمشنر کے مطابق 12 ہزار پولیو رضاکار پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے ،یہ صوبے کی چوتھی اور ملک کی دوسری پولیو مہم ہے، جس کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جا رہے ہیں،ٹامن اے سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا قومی فریضہ ہے ،اگر اس سال پولیو کا کوئی کیس درج نہیں ہوتا ہے تو آئندہ 3سال تک زیر نگرانی رکھنے کے بعد پاکستان کو پولیو فری قرار دے دیا جائے گا، ضلع وسطی کے بعض اسکولوں نے پولیو مہم کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا جن کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے، نجی اسکولوں سے اپیل ہے کہ اس قومی فرِیضے میں ہمارا ساتھ دیں، انہوں نے اس دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ مہم میں پولیو مہم کے دوران والدین کے انکار کی وجہ سے ایک لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے جاسکے تھے۔

پنجاب: پنجاب بھر میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ صوبے بھر میں تقریبا ایک کروڑ پچاسی لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کیلئے تقریبا چوالیس ہزار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ ضلع سرگودھا میں تین روز پولیو مہم کا آغا ز آج سے ہوگیا، یہاں کی مجموعی طور پر 167 یونین کونسلوں کیلئے 1289 پولیو ٹیمیں 6 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ گوجرانوالہ میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 8 لاکھ 46 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بہاولپور اور ملتان سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی انسدادپولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔
فاٹا ایجنسیز: خیبرپختونخوا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران سڑسٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ خیبرایجنسی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران9 لاکھ 96 ہزار 987 بچوں کو قطرے پلائے جارہے ہیں، جنوبی وزیرستان میں چار روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 84ہزارسے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

بلوچستان: کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں انسداد پولیو کی تین روزہ مہم آج سے شروع ہوگئی۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسداد پولیو کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران 24لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے موبائل ٹیمیں تشکی دی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کےقطرے پلارہی ہیں۔ اس کےعلاوہ صحت کے مراکزسمیت مختلف مقامات پربھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
مہم میں کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے ہائی رسک اضلاع پرخصوصی توجہ دی جارہی ہے،خضدار میں آج سےچار روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔ بلوچستان کے ژوب ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے کمشنر ژوب ڈاکٹرسیف الرحمان کاکہناتھا کہ ژوب ڈویژن میں بھی انسدادپولیو مہم کےانتظامات مکمل کرلئےگئے ہیں۔ ژوب ڈویژن کےاضلاع میں لورالائی، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، بارکھان اور موسیٰ خیل شامل ہیں۔ تمام اضلاع میں مہم کے لیے 914ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ژوب ڈویژن میں تقریباً 3لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر،گلگت بلتستان :
آزاد کشمیر میں مہم کیلئے دو ہزار سے زیادہ موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور چار سو سے زیادہ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں مہم کے دوران دو لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔