جعلی لسٹوں پر بسوں اور کوچز کے مسافروں سے اضافی کرائے کی وصولی
کراچی : کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹرز کی من مانیاں جاری ہیں، بس اور کوچز کے ڈرائيورز و کنڈیکٹرز کھلے عام عوام کو لوٹ رہے ہیں، جعلی لسٹ دکھا کر مسافروں سے اضافی کرائے وصول کئے جارہے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے کرائے بڑھانے والوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرادی۔
کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے بسوں اور کوچز کے کرایوں میں من مانا اضافہ کردیا، 5 مارچ سے بسوں میں جعلی لسٹیں آویزاں کی گئیں، جس کے تحت کرائے میں 10 روپے سے زائد اضافہ کردیا گیا۔
از خود کرائے بڑھانے کے معاملے پر مسافروں اور کنڈیکٹروں میں روزانہ کی بنیاد پر تکرار ہوتی ہے، من مانے کرايوں پر ڈرائيور اور کنڈيکٹرز نے بھی آنکھيں پھیر لیں۔
ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کہتے ہیں لسٹیں اڈے سے فراہم کی گئی ہیں تاہم ان پر کسی بھی حکومتی ادارے کی کوئی مہر موجود نہیں ہے۔
ٹریفک پولیس انسپکٹر محمد حنیف نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ از خود کرایہ بڑھانا جرم ہے۔ جبکہ ٹرانسپورٹ ايسو سی ايشن بھی کرايہ بڑھانے سے انکار کررہی ہيں۔
شہریوں نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ از خود کرایہ بڑھانے والوں کو کون لگام دے گا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر شاہ نے زائد کرایہ لینے والوں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، کہتے ہیں ٹرانسپورٹ کے کرائے میں اضافے سے متعلق کافی شکایات مل رہی ہیں، کرائے بڑھانے کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔