انوپم کھیر،بھارتی وزیراعظم کا کردار نبھائیں گے
ممبئی: اداکارانوپم کھیر سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کی زندگی پر بننے والی فلم ’’ دی ایکسیڈینٹل پرائم منسٹر‘‘ میں منموہن کا کردار ادا کریں گے۔
منموہن سنگھ کے روپ میں سوشل میڈیا پر انوپم کھیر کی تصویرخوب وائرل ہو رہی ہے۔
سال 1990 میں پاکستانی فلمسازجمیل دہلوی نے سابق وزیراعظم بینظیربھٹو کی زندگی پرفلم بنانے کا ارادہ کیا تھا جس کیلئے شبانہ اعظمی نے بینظیر بھٹو اور نصیرالدین شاہ نے ان کے والد ذوالفقار علی بھٹو کا کردارنبھانا تھا۔ یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔
بھارتی ویب سائٹ دکن کرونیکل کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن کو بھی سال 2015 میں بنائی جانے والی فلم کیلئے بینظیر بھٹو کا کردار اداکرنے کی آفر کی گئی تھی۔ لیکن اس کے بعد سے اس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔
محمد علی جناح اور گاندھی کی زندگیوں پر بننے والی فلمیں بے حد پسند کی گئیں۔ جناح کا کردارہالی ووڈ اداکار کرسٹوفر لی نے جبکہ گاندھی کا کردارآسکراور گریمی ایوارڈ یافتہ بین کنگسلے نے نبھایا تھا۔

اوم پوری، چارلی ولسن کی فلم وار میں ضیاالحق کے روپ میں نظرآئے ، دیگر کرداروں میں جولیا رابرٹس اور ٹام ہینکس شامل تھے۔
پندرہ سال قبل زی فلم اسٹوڈیو کے بینرتلے بننے والی فلم میں منیشا کوئرالہ نے اندرا گاندھی کا کرداراداکرنا تھا لیکن فلم مکمل نہ ہو پائی۔
اداکار شان شاہد بھی پرویز مشرف کے حالات زندگی پر فلم بنانے کی خواہش رکھتے تھے اور مشرف کا کردار خود نبھانا چاہتے تھے۔