حکمران ڈالروں کے عوض اپنے لوگوں کو مروا رہے ہیں، عمران خان
اسٹاف رپورٹ
پشاور : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کہتے ہیں کہ حکمران ڈالر کے عوض اپنے ہی لوگوں کو مروارہے ہیں، آج بھی میر جعفر اور میر صادق کی کمی نہیں۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے پشاور میں ماحولیاتی پالیسی کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ وقت ثابت کرے گا ڈالروں کے عوض اپنوں کا خون بیچا گیا۔
کپتان نے خطاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے گورنر ہاؤسز اور سی ایم ہاؤسز ختم کرنے کا وعدہ بھی دہرایا، انہوں نے کہا کہ اگر جنگلات کی تباہی جاری رہی تو بہت بڑی تباہی آئے گی۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ملک میں 90 فیصد سیوریج کا نظام ہی موجود نہیں اور نہ ہی صاف پانی دستیاب ہے۔ انہوں نے نیشنل پارک بنانے کے اعلان کے ساتھ ساتھ کہا کہ پہاڑوں سے آنیوالے چشموں سے اپنی بجلی خود بنائیں گے، جس کیلئے مائیکرو ہائیڈل پاور کے 350 منصوبے لگائیں گے۔ سماء