ملاقات سے کچھ کھویا نہیں،پایا ہے:وزیراعظم سے ملاقات پرچیف جسٹس کا تبصرہ
اسلام آباد: چیف جسٹس نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملاقات سے کچھ کھویا نہیں، پایا ہی ہے۔ اپنے ادارے اور وکلا کو مایوس نہیں کروں گا۔
مری میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات کا تذکرہ چھڑ گیا۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ اور چیف جسٹس کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ میں نے وزیراعظم ہاؤس جانے سے انکار کیا۔ وزیراعظم خود چل کر میرے پاس آئے۔وہ فریاد سنانے آئے تھے مگر دیا کچھ نہیں ۔ میرا کام فریادی کی فریاد سننا ہے۔سائل در پر آئے تو اس کی فریاد سننا پڑتی ہے، پتہ نہیں اُسے کیا تکلیف ہو۔
جواب میں لطیف کھوسہ بولے کہ سبھی جانتے ہیں ، اُن کو کیا تکلیف ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کسی کا نام نہیں لیا ۔ صرف سائل کی بات کی ہے۔عدلیہ کے ادارے اور اپنے بھائی پر اعتبار کریں ۔ منگل کی میٹنگ سے کھویا کچھ نہیں پایا ہی ہے۔ چیف جسٹس نے یہ بھی واضح کیا کہ اپنے ادارے اور وکلاء کو مایوس نہیں کروں گا۔
چیف جسٹس نے کیس سے متعلق ریمارکس دیے کہ غیرقانونی تعمیرات کا معاملہ کمیشن بنانے سے ہی حل ہو گا۔
واضح رہے کہ منگل کو چیف جسٹس اوروزیراعظم کے مابین ہونے والی ملاقات جسٹس ثاقب نثار کے چیمبر میں ہوئی تھی ۔ ملاقات کیلئے وزیراعظم نے بذریعہ اٹارنی جنرل خواہش کا اظہار کیا تھا۔ ملاقات پر اپوزیشن جماعتوں نے نواز شریف کیخلاف مقدمات کے تناظر میں شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے۔