متحدہ کارکن فہد عزیز کے معاملے پر سندھ اسمبلی میں الفاظ کی جنگ
اسٹاف رپورٹ
کراچی : سندھ اسمبلی کے اجلاس سے پہلے ہی ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے ارکان کے درمیان الفاظ کی جنگ شروع ہوگئی۔
ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی کہتے ہیں کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات پر فہد عزیز پر ہونے والا تشدد کیا جائے تو وہ پانچ منٹ میں ساری دنیا کے قتل تسلیم کرلیں،
اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفت گو میں رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ شاہد حیات عہدے کیلئے نااہل ہیں، جو اطلاعات آئی ہیں وہ بڑی خوفناک ہیں، جتنا تشدد فہد پر ہوا شاہد حیات پر ہو تو وہ دنیا کے قتل تسلیم کرلیں، انہوں نے مزید کہا کہ مہذب معاشرے میں ماورائےعدالت کارروائیاں نہیں ہوتیں، ایسا مائنڈ سیٹ ہے جو ایم کیو ایم کیخلاف افسران کو ہیرو قرار دیتا ہے، فہد عزیز کے معاملے پر اسمبلی میں بھرپور احتجاج کریں گے۔
دوسری جانب اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ شاہد حیات بہادر پولیس افسر،قابل اعتماد اور ایماندار افسر ہیں، جمہوری حکومت میں احتجاج ہوتے ہیں، کسی کیخلاف زیادتی ہوئی تو تحقیقات ہونی چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کارروائی کررہی ہے تو ان کے پاس شواہد ہوں گے، اسمبلی میں افراتفری کا ماحول ہوا تو قوانین کیسے بنائیں گے،
آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ احتجاج تو اسمبلی سے باہر بھی ہوسکتا ہے، ایسے پولیس افسروں کی ضرورت ہے جو صوبے کی خدمت کریں، کچھ عناصر چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم کے ساتھ کام نہ کریں، دونوں جماعتوں کو سوچ سمجھ کر قدم اٹھانا چاہیے۔ سماء