افغانستان میں ہیلی کاپٹر گرانے والے طالبان کو ہلاک کردیا،امریکا کا دعویٰ
اسٹاف رپورٹر
واشنگٹن: افغانستان میں تعینات کمانڈر جنرل جان ایلن نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے امریکی ہیلی کاپٹر مار گرانے والے طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔
گزشتہ ہفتے افغان صوبے وردک میں پیش آنے والے واقعہ میں30 امریکی اور آٹھ افغان فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ امریکی فوجیوں میں اکثریت کا تعلق خصوصی کمانڈو فورس نیول سیل سے تھا۔
امریکی محکمہ دفاع میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں جنرل ایلن نے انکشاف کیا کہ افغانستان میں تعینات افواج نے اس حادثے میں شامل طالبان کا پتہ لگایا اور فضائی حملہ کرکے ہلاک کر دیا۔
دوسری جانب افغانستان سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی حملے میں طالبان کا رہنما ملا محب الله اور وہ شدت پسند مارا گیا جس نے امریکی شنوک ہیلی کاپٹر پر راکٹ داغ کر ہیلی کاپٹر کو امر گرایا تھا۔ سماء / ایجنسیز