پاکستان سپر لیگ 3 فائنل، شائقین کیلئے ضروری ہدایات جاری
کراچی : پی ایس ایل 3 فائنل کیلئے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کا شیڈول منظر عام پر آگیا، حکام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شائقین کو پیدل یا براہ راست اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی، سیکیورٹیکلیئرنس کے بعد 3 مقامات سے شٹل سروس کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔
پاکستان سپر لیگ 3 کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ (بروز اتوار) کھیلا جائے گا، اہم ترین معرکے کی سیکیورٹی کیلئے حکام نے پریس بریفنگ دی، پولیس حکام نے بتایا ہے کہ آغا خان اسپتال اور لیاقت نیشنل اسپتال کی ایمبولینسوں کو اسٹیڈیم روڈ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، روڈ بند کرنے کے بعد شائقین کو شٹل سروس دیں گے، اردو یونیورسٹی کے پاس گراؤنڈ میں شٹل سروس کی پارکنگ ہوگی، ٹریفک مینجمنٹ کیلئے 1600 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پر شاہراہ فیصل اور شاہراہ قائدیدین کھلی رہیں گی، یونیورسٹی روڈ پر شٹل سروس کیلئے 3 مقامات دیں گے، حکيم سعيد گراؤنڈ اور اتوار بازار گراؤنڈ پارکنگ کيلئے استعمال ہوں گے۔
حکام نے مزید بتایا کہ کسی شخص کو پیدل اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی، شائقین براہ راست اسٹیڈیم تک رسائی حاصل نہیں کرسکتے، سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد شٹل سروس سے اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا، کسی کو بھی موبائل فون کے علاوہ کوئی چيز لے جانے کی اجازت نہيں ہوگی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق پی ایس ایل 3 کے فائنل میں شائقین کو اسٹیڈیم تک پہنچانے کیلئے پہلی شٹل سروس 12 بجے چلے گی، 5 بجے اسٹیڈیم کے گیٹ بند کردیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے گروپ میچز متحدہ عرب امارات میں مکمل ہوچکے ہیں، کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کراچی کنگز کو شکست دے کر براہ راست فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ دوسرے کوالیفائر کا فیصلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیموں کے درمیان ایلیمینیٹر میچز میں ہوگا۔