قوم کو جلد خوشخبری ملے گی، طالبان مذاکراتی کمیٹی
اسٹاف رپورٹ
پشاور : طالبان قیادت نے حکومت کے 5 نکات کا مثبت جواب دیتے ہوئے فائربندی پر آمادگی ظاہر کردی، طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ قوم کو جلد خوش خبری ملے گی۔
مذاکراتی کمیٹی کے ارکان پروفیسر ابراہیم اور مولانا یوسف شاہ شمالی وزیرستان سے سرکاری ہیلی کاپٹر پر اکوڑہ خٹک پہنچے، انہوں نے مولانا سمیع الحق کو طالبان شوریٰ سے ملاقات کی روداد سنائی، مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ بات آگے بڑھی ہے لیکن میڈیا کو تفصیل نہیں بتاسکتے۔
بعد میں پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم نے بتایا کہ طالبان قیادت نے حکومتی نکات کا مثبت جواب دیا، فائر بندی پر بھی آمادگی ظاہر کردی، قوم کو جلد خوش خبری ملے گی۔
اس سے پہلے پروفیسر ابراہیم اور مولانا یوسف شاہ نے میران شاہ میں نامعلوم مقام پر طالبان کی سیاسی اور مرکزی شوریٰ سے ملاقاتیں کی، انہیں کل لوٹنا تھا لیکن میزائل حملے کرنے والے طیاروں کی پروازوں کی وجہ سے واپسی آج تک کیلئے مؤخر کی گئی۔ سماء