پاکستان طالبان،دیگردہشتگردوں کیخلاف مزید اقدامات کرے،امریکا
واشنگٹن : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ امریکا کے موقع پر ایک بار پھر ڈو مور کا مطالبہ کردیا گیا ہے۔ امریکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستان طالبان اور دیگر جنگجوگروپوں کے خلاف لازمی مزید اقدامات کرے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے امریکی نائب صدر مائیک پینس نے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق مائیک پنس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست کو ایک بار پھر پاکستانی وزیراعظم کے سامنے دہراتے ہوئے کہا اور پاکستان پر زور دیا کہ وہ طالبان، حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی مسلسل موجودگی کے حوالے سے مزید اقدامات اٹھائے۔
وائٹ ہاوس کے مطابق مائیک پینس کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مل کر کام کرسکتا ہے اور اسے لازمی طور پر کرنا چاہیے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات کی تھی، ملاقات امریکی نائب صدر کی مائیک پنس کی رہائش گاہ پر ہوئی جو 40منٹ تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، افغانستان سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کامیابیوں اور قربانیوں کا ذکر بھی کیا تھا۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نجی دورے پر امریکا گئے ہوئے ہیں۔