پی ایس ایل کی تمام ٹکٹیں فروخت ہوئیں، مفت نہیں دیں: نجم سیٹھی
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی کہتے ہیں کہ جس تعداد میں شائقین آن لائن ٹکٹیں خریدنے ویب سائٹ پہ آئے اندازہ نہ تھا اور اسٹیڈیم میں گنجائش کی کمی کے باعث ہزار روپے والی ٹکٹیں کم تھیں، لیکن مفت کے ٹکٹ نہیں دیئے گئے۔
سماء کے پروگرام آواز میں اینکر پرسن شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ 10 لاکھ سے زائد افراد نے آن لائن ٹکٹیں خریدنے کے لئے ویب سائٹ کا رخ کیا جس کی وجہ سے ویب سائٹ کریش کر گئی۔ انہوں نے کہا ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ ایک ہی دن میں ٹکٹیں فروخت ہوجائیں گی کیونکہ ابھی دس دن باقی ہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ اسٹیڈیم میں گنجائش کے مطابق ہم نے مختلف قیمتوں کی ٹکٹیں جاری کیں اور کم قیمت کی تمام ٹکٹیں آن لائن ہی فروخت ہوئیں۔ تاہم وی آئی پی ٹکٹیں اب بھی دستیاب ہیں اور لوگوں نے لائن لگا کر حاصل کیں۔
ایک سوال کے جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ کسی کو مفت کی ٹکٹیں نہیں دی گئیں اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بارہ ہزار والی 500 ٹکٹیں خریدیں، صرف وزیراعلی کو اپنی اہلیہ سمیت دعوت ہے کہ چئیرمین باکس آئیں اور ہمارے مہمان بنیں۔ سماء