نیٹو کی آئندہ سال افغان مشن ختم کرنے کے امریکی فیصلے کی مخالفت
اسٹاف رپورٹ
برسلز : نیٹو نے آیندہ سال افغان مشن ختم کرنے کے امریکی فیصلہ کی مخالفت کردی اور کہا ہے کہ 2014 میں افغانستان سے انخلا کے منصوبہ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
برسلز میں نیٹو ممالک کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں افغانستان سے انخلا کے منصوبے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے بعد نیٹو سیکریٹری جنرل آندرس فوگ راسموسین نے میڈیا کو بتایا کہ نیٹو ممالک دو ہزار چودہ میں افغانستان سے مشترکہ انخلا کے منصوبے پر قائم ہیں اور انخلا میں تیزی کا دارومدار سیکیورٹی صورت حال پر منحصر ہے۔
آندرس فوگ راسموسین کا کہنا تھا کہ رکن ممالک نے مقامی فورسز کو مرحلہ وار سیکیورٹی ذمہ داریاں دینے کا روڈ میپ تیار کیا تھا اور یہ فیصلہ اور روڈ میپ اب بھی برقرار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ایساف کا افغان مشن دو ہزار تیرہ میں ختم ہوجائے گا تو وہ ایسا ممکن نہیں ہے۔ سماء/ایجنسیز