لاہور قلندرز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے 164 رنز کا ہدف
دبئی : پی ایس ایل 3 کے میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف دیا ہے، ڈیوکچ نے شاندار نصف سنچری اسکور کی، فخر زمان نے 34 اور مک کولم نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 33 رنز بنائے۔
دبئی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔
ایونٹ میں پہلی بار لاہور قلندرز کے اوپنرز نے 56 رنز کا آغاز فراہم کیا، فخر زمان 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، اینٹن ڈیوکچ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 64 رنز جڑ دیئے۔
برینڈن میک کولم نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کی اور محض 12 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے، آغا سلمان 8، دنیش رامدین 9، سنیل نارائن 6، سہیل خان، عامر یامین اور سلمان ارشاد ایک ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، جے پی ڈومینی، محمد سمیع اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ لی۔ سماء