ایس ایس پی سی آئی ڈی کے گھرپرحملہ، پانچ مشتبہ افراد گرفتار
اسٹاف رپورٹر
کراچی: صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے کہا ہے کہ ایس ایس پی سی آئی ڈی کے گھر پر حملے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ دھماکہ خودکش تھا یا نہیں ابھی تحقیقات جاری ہیں ۔۔ تفتیش مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائے گے.
ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم خان کے گھر دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش میں ایجنسیاں سرگرم ہیں ۔ سی آئی ڈی ، اسپشل انوسٹی گیشن یونٹ ، اور حساس اداروں کی ٹیموں نے اورنگی ٹاون ، سہراب گوٹھ ، منگھوپیر ، بلدیہ ٹاؤن اور ملیر میں چھاپے مار کر کالعدم تنظیم کے پانچ کارکنوں سمیت ایک درجن سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد ملنے والے انسانی اعضاء کو ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔۔۔ خفیہ کیمروں کی فوٹیج بھی چیک کی جا رہی ہے۔۔۔ جیل سے حال ہی میں رہا ہونے والے قیدیوں اور ان سے ملاقات کرنے والے افراد کا ریکارڈ بھی حاصل کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ منظور وسان نے میڈیا کوبتایا ہے کہ دھماکے کے تفتیش میں پانچ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش تھا یا نہیں اس بارے میں ابھی کہنا قبل ازوقت ہے ۔ سماء