بھارت جلد اپنی دوسری ایٹمی آبدوز بنالےگا،امریکی انٹیلیجنس کاانکشاف
واشنگٹن : آرمڈ سروسز کمیٹی میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن سے پاکستان میں دہشت گردی اور فرقہ واریت کم ہوئی ہے،تاہم مزیداقدامات کیلئے پاکستان افغانستان اور امریکا کی طرف دیکھ رہا ہے، امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بھارت اپنی دوسری ایٹمی آبدوز پر بھی کام کر رہا ہے۔،
تفصیلات کے مطابق آرمڈ سروسز کمیٹی میں پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سرحدی دراندازی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے گا، اس کے علاوہ مغربی افغان سرحد پر بارڈر منیجمنٹ کی کوششیں بھی جاری رکھے گا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ملک کے اندر بھی دہشت گردی کے خلاف آپریشن جاری رکھے گا، ان کوششوں سے فرقہ وارانہ اور دیگر دہشت گردی کے واقعات میں کمی لانے میں مدد ملے گی، تاہم پاکستان افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے افغان حکومت اور امریکا سے بھی توقعات رکھتا ہے۔
انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغانستان میں موجود پاکستان مخالف عناصر کے خلاف کارروائی چاہتا ہے اور اس کے لیئے امریکا اور افغانستان کی جانب دیکھ رہا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر جاری مسلسل جھڑپوں کے نتیجے میں کشیدگی بڑھنے کے خطرات ہیں اور توقع یہی ہے کہ اس سال بھی دونوں ممالک لائن آف کنٹرول پر اپنی یہی پوزیشن برقرار رکھیں گے۔
امریکی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی نے بھارت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بھارت عالمی طاقت کے طور پر حیثیت منوانا چاہتا ہے اور اس کے لیے بھارت اپنی ایٹمی طاقت کو ضروری سمجھتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت پہلی ایٹمی آبدوز تیار کرکے بحریہ کے حوالے کرچکا ہے اور جلد ہی دوسری ایٹمی آبدوز بھی بحری فوج کے حوالے کردی جائے گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت اپنی فوج کو جدید بنانے کے لیے مسلسل کام کررہا ہے تاکہ یہ ثابت کرسکے کہ وہ اپنے اندرونی مفادات کے ساتھ ساتھ بحر ہند میں موجود مفادات کی حفاظت کرسکتا ہے اور ساتھ وہ یہ بھی ظاہر کرسکے کہ وہ ایشیا بھر میں سفارتی اور معاشی پہنچ بھی رکھتا ہے۔ سماء