سینیٹ انتخابات، خیبر پختونخوا کے 26 امیدوار مد مقابل

پشاور : خیبر پختونخوا میں بھی دیگر صوبوں کی طرح سینیٹ انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، جہاں 26 امیدوار میدان میں اتریں گے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اج ہونے والے انتخابات میں 11نشستوں کےلیے 26امیدوار مدمقابل ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر پیرمقبول ریٹرنگ آفیسر ہوں گے جنہیں مجسٹریٹ کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے۔ خیبرپختونخوا کے اراکین اسمبلی کی تعداد 124ہے تاہم دو نشستیں خالی ہیں، جن میں تحریک انصاف کے ایک اقلیتی رکن بلدیو کمار اور دوسری نشست حال میں ہی نااہل ہونے والے عبدالمنعم کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اراکین کی تعداد 60 ہے، ن لیگ اور جے یو آئی ف کے سولہ، سولہ ممبران ہیں،جماعت اسلامی کے7،قومی وطن پارٹی کے 10پی پی پی کے چھ جب کہ اے این پی کے 5اراکین ہیں۔

خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 11نشستوں کیلئے 26امیدوار ہیں جبکہ قومی وطن پارٹی کے محمد غفران ریٹائر ہوگئے ہیں۔ سات جنرل نشستوں پر 13امیدوارمدمقابل ہیں،جن میں پی ٹی آئی کے پانچ ،جے یو آئی اور پی پی پی کے دو، دو جماعت اسلامی اور اے این پی کا ایک ایک جبکہ مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ دو آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔

اسی طرح ٹیکنوکریٹ کی دو نشستوں کے لیے پی ٹی آئی اور جے یو آئی ف کا ایک،ایک امیدوار جب کہ مسلم لیگ ن کا حمایت یافتہ ایک اور مولانا سمیع الحق آزاد حیثیت سے انتخابات لڑ رہے ہیں۔ خواتین کی دو نشستوں پر 8امیدوار میدان میں ہیں جن میں پی ٹی آئی کی دو، قومی وطن پارٹی، جے یو آئی ف، پیپلزپارٹی اور اے این پی کی ایک ایک خاتون امیدوار شامل ہیں، خواتین کی نشستوں پر مسلم لیگ ن کی حمایت یافتہ دو خواتین بھی حصہ لے رہی ہیں۔ سماء

PTI

SENATE

KPK

JAMAT E ISLAMI

POLLING

#SenateElections2018

Tabool ads will show in this div