سینیٹ الیکشن: 136 امیدوار میدان میں، اراکین اسمبلی پر پابندیاں عائد
اسلام آباد : بڑے ایوان کے بڑے الیکشن کیلئے بڑی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، سینیٹ کی 52 نشستوں پر انتخابات کیلئے ووٹنگ کل ہوگی، 136 اميدوار قسمت آزمائیں گے، بیلٹ پیپرز باہر لے جانے والے کیخلاف کارروائی ہوگی۔
ایوان بالا کے نئے مہمانوں کیلئے میدان سج گیا، سینیٹ کی 52 نشستوں کیلئے پولنگ کل (ہفتہ 3 مارچ کو) ہوگی، الیکشن کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں، ای سی پی نے اراکین کیلئے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، ساتھ ہی اراکین اسمبلی کیلئے پابندیوں کا بھی اعلان کردیا گیا، ووٹنگ صبح 9 بجے شروع ہوگی، جو بغیر وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گی، فاٹا کی 4 جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں کیلئے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ارکان پارلیمنٹ ہاؤس میں ووٹ ڈالیں گے، 46 نشستوں کیلئے ووٹنگ صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق صوبوں کیلئے 3 ہزار 300 بیلٹ پیپرز جبکہ وفاق اور فاٹا کیلئے 850 پیپزز چھاپے گئے ہیں، پولنگ اسٹیشن میں موبائل فون لانے پر پابندی ہوگی، ووٹر ایک ہی راستے سے پولنگ اسٹیشن جائیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق ریٹرننگ افسر کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے جو کسی بے قاعدگی یا بدنظمی پر انتخابی عمل معطل کرنے کا مجاز ہوگا۔
سینیٹ کی 52 نشستوں پر پیپلز پارٹی، تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے 136 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، مسلم لیگ ن کے سربراہ کی نااہلی کے باعث امیدواروں کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی گئی ہے۔ سماء