سابق لیگی سینیٹرنہال ہاشمی کی خالی نشست پر پولنگ آج ہوگی
لاہور: مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے نااہل سینیٹرنہال ہاشمي کي خالی نشست پر ضمني انتخاب کے لئے آج پنجاب اسمبلي ميں پولنگ ہورہي ہے ۔
نہال ہاشمي کي خالي ہونے والي نشست پر مسلم ليگ ن کے حمايت يافتہ ڈاکٹراسد اشرف اورپاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر زرقا کے درميان مقابلہ ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کی جانب سے سینیٹ کی اس خالی نشست پر انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پولنگ صبح 9 بجے سے بغیرکسی وقفے کے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ پنجاب اسمبلی کو اس مقصد کیلئے پولنگ اسٹیشن بنایا گیا ہے، اس دوران اسٹاف ایوان میں داخل نہیں ہوسکتا۔
ڈاکٹر اسداشرف ن لیگ کے نامزد امیدوار تھے لیکن سپریم کورٹ کی جانب سے انتخابی اصلاحات کیس کے فیصلے میں نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی اور ان کے اقدامات کو کالعدم قرار دینے کے بعد انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدوار ڈیکلیئر کیا گیا۔
سابق سینیٹر نہال ہاشمی کو عدلیہ سے متعلق توہین آمیز بیانات کے بعد سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں نااہل قرار دیا تھا۔