افغان صدارتی انتخابات،ابتدائی ووٹوں کےنتائج،عبداللہ عبداللہ سرفہرست
اسٹاف رپورٹ
کابل : افغانستان کے صدارتی انتخاب میں ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ نے اکتالیس فیصد ووٹوں کے ساتھ برتری حاصل کرلی، سینتیس فیصد ووٹ لینے والے صدارتی امیدواراشرف غنی بھی پرامید ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صورت حال کسی وقت بھی بدل سکتی ہے۔
افغان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اب تک صرف دس فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی ہے، جس کے مطابق افغان قومی اتحاد کے رہنما عبداللہ عبداللہ اکتالیس فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ صدارتی امیدوار ڈاکٹرعبدللہ عبداللہ جزوی نتائج کو فیصلہ کن قرار دے رہے ہیں۔
دوسری جانب صدراتی دوڑ میں دوسری پوزشن حاصل کرنے والے امیدوار اشرف غنی کہتے ہیں، ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ صورت حال انکے حق میں بدل سکتی ہے۔ مکمل ابتدائی نتائج چوبیس اپریل کو جاری ہوں گے، الیکشن میں کامیابی کیلئے امیدوار کو پچاس فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔ بصورت دیگر پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والے امیدواروں کو دوسرے مرحلے میں حصہ لینا ہوگا۔ سماء